پٹرول ایک مکمل ایندھن کیوں ہے؟
یہ مائع، ہلکا، آسانی سے بخارات میں تبدیل ہوجانے اور جلنے والا ہے۔
پٹرول ہائیڈروکاربنز کامرکب ہے یعنی یہ کاربن اور ہائیڈروجن سے مل کر بنا ہے اسے استعمال کرنے کی وجہ یہ ہے کہ یہ سلنڈر میں بڑی آسانی سے گیس میں تبدیل ہوجاتا ہے۔ پٹرول کرنٹ ملنے پر تقریبا پوری طرح جل جاتا ہے اور بہت کم فالتو مادے باقی چھوڑتا ہے۔ جلنے کے دوران یہ کسی بھی دوسرے مائع ایندھن کی اتنی ہی مقدار کے مقابلے میں کہیں زیادہ حرارت دیتا ہے۔
پٹرول کہاں سے آتا ہے؟
اسے حاصل کرنے کے کئی ایک طریقے ہیں لیکن اہم ترین ذریعہ قدرتی خام تیل یا پٹرولیم ہے جو زیر زمین ذخائر سے حاصل ہوتا ہے پٹرول کو Distillation نامی عمل کے ذریعہ پٹرولیم سے علیحدہ کیا جاتا ہے مائع تیل کو بڑے بڑے کنٹینرز میں ڈال کر تقریبا 400 ڈگری فارن ہائیٹ پر گرم کیا جاتا ہے ۔یہ بہت کم درجہ حرارت پر ابل پڑنے والے ہائیڈروکاربنز پر مشتمل ایک چوتھائی پٹرولیم کو بخارات میں تبدیل کرنے کے لئے کافی ہے۔
بخارات کو پائپوں میں سے گزار کر ٹھنڈا کرلیا جاتا ہے تاکہ یہ دوبارہ مائع حالت میں آجائے ۔
Distillation کا عمل بار بار دوہرا کر پٹرول کو خالص بنا لیا جاتا ہے۔ پٹرول کی قیمت کا انحصار اس کی کارکاردگی پر ہے یعنی کوئی گاڑی ایک گیلن میں کتنے میل طے کرتی ہے ۔ سادہ پٹرول استعمال کرنے سے انجن کافی آواز دیتا ہے اس کا مطلب ہے کہ اس کی کارکردگی خراب ہے اس لئے پٹرول کی کارکردگی بہتر بنانے کے لئے اس میں کچھ اجزاء شامل کئے جاتے ہیں ہم اسے "ہائی آکٹین" کہتے ہیں۔