پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ
اتھارٹی، پنجاب کا کہنا ہے کہ پنجاب بھر کے دریاؤں میں سیلابی صورتحال برقرار
ہے۔ دریائے چناب میں مرالہ ہیڈ ورکس پر
پانی کا بہاؤ 247,000 کیوسک، خانکی ہیڈ ورکس پر 526,000 کیوسک اور قادر آباد ہیڈ
ورکس پر چنیوٹ پل پر پانی کا بہاؤ 530,000 کیوسک ہے۔
دریائے راوی میں شاہدرہ
کے مقام پر پانی کی آمد 97400 کیوسک جبکہ راوی سائفن کے مقام پر 98000 کیوسک ہے۔
سدھنائی ہیڈ ورکس پر بہاؤ تقریباً 139999 کیوسک تک پہنچ گیا ہے۔ دریائے ستلج میں
گنڈا سنگھ والا میں پانی کا بہاؤ 319,000 کیوسک، سلیمانکی میں 132,492 کیوسک اور
اسلام ہیڈ ورکس میں 95000 کیوسک ہے۔ حکام صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں۔
دریں اثناء سیلاب سے ملتان کے 138 اور مظفر گڑھ
کے 104 دیہات زیر آب آگئے تاہم تمام اہم پل اور پشتے محفوظ ہیں۔ دونوں اضلاع کی
انتظامیہ سیلاب کی صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے۔ بورے والا، وہاڑی، لودھراں،
کہروڑ پکا اور جلال پور پیر والا کی تحصیلوں میں ریسکیو اور ریلیف کی سرگرمیاں جاری
ہیں جہاں ستلج کے سیلاب سے دریائی پٹی کی پوری آبادی متاثر ہوئی ہے۔