وزیر
مواصلات عبدالعلیم خان کا کہنا ہے کہ سیلاب سے ہونے والے نقصانات کی بحالی کے لیے
ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔ وہ آج لاہور میں پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب اور
پنجاب کی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔
وزیر مواصلات نے قوم سے اپیل کی کہ متحد ہو کر
متاثرہ افراد کی مدد کریں اور سیاسی پوائنٹ سکورنگ سے گریز کریں۔ انہوں نے پنجاب
کے ساتھ اظہار یکجہتی پر خیبرپختونخوا اور سندھ کے وزرائے اعلیٰ کا شکریہ ادا کیا۔
اس موقع پر مریم اورنگزیب نے کہا کہ ریلیف اور ریسکیو آپریشن جاری ہے اور دریاؤں
کے قریب رہنے والے لوگوں کو بھی نکالا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں کی مدد کے
لیے تمام متعلقہ محکموں کو الرٹ کر دیا گیا ہے۔
وزیر
اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ سیلاب سے متاثرہ افراد کو ہر ممکن
امداد فراہم کی جارہی ہے اور سیلاب زدہ علاقوں میں سڑکیں بحال کرنے کی کوششیں جاری
ہیں۔ جمعرات کو وزیر آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاک فوج،
ضلعی انتظامیہ، ریسکیو 1122 اور دیگر متعلقہ اداروں کے مربوط قومی ردعمل اور موثر
تعاون سے سیلاب کے اثرات کو کم کرنے میں مدد ملی تاہم کسی جانی نقصان کی تصدیق کی
جا رہی ہے۔
وزیر نے تصدیق کی کہ خوراک، ادویات اور خیموں کی
مناسب فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے انتظامات کیے گئے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ
ایک جامع سروے کے بعد گھروں اور مویشیوں کے نقصان کا منصفانہ معاوضہ دیا جائے گا۔
عطا اللہ
تارڑ نے مزید کہا کہ وزیرآباد، سوہدرہ، خانکی اور قادر آباد کے ملحقہ دیہاتوں میں
سیلابی پانی اب کم ہو رہا ہے۔ تاہم انہوں نے عوام پر زور دیا کہ وہ پانی سے پیدا
ہونے والی بیماریوں اور ملیریا سے خود کو بچانے کے لیے مناسب احتیاطی تدابیر
اختیار کریں۔