نیشنل
ایمرجنسی آپریشن سینٹر (NEOC) نے پنجاب کے مختلف دریاؤں میں سیلابی صورتحال کے حوالے سے تازہ
ترین اعدادوشمار جاری کر دیئے۔
تفصیلات کے مطابق دریائے چناب، راوی اور ستلج
میں غیر معمولی سیلابی صورتحال ہے۔ قادر آباد اور خانکی کے مقام پر دریائے چناب
میں شدید سیلابی صورتحال ہے۔ خانکی کے مقام پر پانی کا شدید بہاؤ 859,000 کیوسک
ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ قادر آباد کے مقام پر پانی کا شدید بہاؤ 910,000 کیوسک ہے۔
قادر آباد اور خانکی کے بعد سیلابی پانی تریموں سے گزرے گا۔
چناب میں
سیلاب کے باعث گجرات، حافظ آباد، پنڈی بھٹیاں، سرگودھا، منڈی بہاؤالدین، چنیوٹ اور
جھنگ کے علاقے متاثر ہو سکتے ہیں۔ دریائے راوی میں بھی جسر کے مقام پر شدید سیلاب
کی صورتحال ہے جس میں پانی کا بہاؤ 139,000 کیوسک ہے تاہم یہ ساہدرہ کے مقام پر
164,000 کیوسک تک پہنچ گیا ہے جس سے شاہدرہ اور نارووال متاثر ہو سکتے ہیں۔
سیلابی پانی لاہور کے شاہدرہ، کوٹ منڈو، جیا
موسیٰ، عزیز کالونی، قیصر ٹاؤن، فیصل پارک، ڈھیر اور کوٹ بیگم کے علاقوں کو متاثر
کر سکتا ہے۔ ضلع شیخوپورہ میں دھمیکا، ڈھاکہ اور برج اٹاری کے علاقوں میں سیلاب
جبکہ ننکانہ صاحب کے علاقے گنیش پور کے سیلاب سے متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ ضلع
خانیوال میں غوث پور، میاں چنوں، امید گڑھ، کوٹ اسلام اور عبدالحکیم کے علاقے بھی
متاثر ہوں گے۔
دریائے ستلج میں گنڈا سنگھ والا کے مقام پر اس
وقت سیلابی صورتحال ہے جس میں پانی کا بہاؤ تقریباً 261,000 کیوسک ہے۔ سلمیانکی
میں پانی کے بہاؤ میں تقریباً 109,000 کیوسک کا اضافہ ہوا ہے۔ دریائے ستلج میں
سیلابی صورتحال کے باعث ضلع قصور کے پھول نگر، رکھ کھنکے، نتھے خالصہ، لمبے جاگیر،
کوٹ سردار، ہنجرے کالا، بھترالکا اور نوشیرگئی کے علاقے متاثر ہو سکتے ہیں۔
پاکپتن، وہاڑی، ننکانہ صاحب، اوکاڑہ اور بہاولنگر اضلاع میں بھی سیلاب کا امکان
ہے۔
نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے)
تمام ریسکیو اور ریلیف سرگرمیوں کی نگرانی کر رہی ہے اور نیشنل ایمرجنسی آپریشن
سینٹر (NEOC) چوبیس گھنٹے مکمل طور پر کام کر رہا ہے۔ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ
اتھارٹی (این ڈی ایم اے) بھی سول اور ملٹری اداروں سے رابطے میں ہے۔