نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر (این ای او سی) کے مطابق دریائے چناب، راوی اور ستلج میں سیلاب کی غیر معمولی صورتحال ہے۔ دریائے چناب میں مرالہ کے مقام پر انتہائی اونچے درجے کا سیلابی ریلا 769,481 کیوسک ہے جو مزید بڑھ سکتا ہے۔ دریائے چناب پر خانکی کے مقام پر انتہائی اونچے درجے کا سیلاب 705,225 کیوسک ہے، بہاؤ میں کمی کے ساتھ۔ دریائے راوی میں جسر کے مقام پر 202,200 کیوسک کا اونچا سیلاب گزر رہا ہے جو 229,700 کیوسک تک پہنچ سکتا ہے۔ شاہدرہ کے مقام پر دریائے راوی میں 72 ہزار 900 کیوسک کا بہاؤ جاری ہے۔
شاہدرہ، پارک ویو اور موٹروے ٹو کے نشیبی علاقے
سیلاب کے خطرے سے دوچار ہیں۔ گنڈا سنگھ والا کے مقام پر دریائے ستلج میں 245,000
کیوسک کا انتہائی اونچا سیلاب جاری ہے۔ دریائے ستلج میں سلیمانکی کے مقام پر
موجودہ بہاؤ 100,355 کیوسک ہے۔ وزیر اعظم شہباز شریف کی ہدایات کے مطابق نیشنل
ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) تمام ریسکیو اور ریلیف سرگرمیوں کی
نگرانی کر رہی ہے۔ نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر چوبیس گھنٹے مکمل طور پر کام کر
رہا ہے۔ این ڈی ایم اے سول اور ملٹری اداروں سے رابطے میں ہے۔ دریا کے کناروں اور
آبی گزرگاہوں پر رہنے والے رہائشیوں کو فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کا
مشورہ دیا گیا ہے۔