خصوصی
سرمایہ کاری سہولت کونسل (SIFC) کے تعاون سے آئی ٹی خدمات کی برآمدات میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔
اعدادوشمار کے مطابق آئی ٹی سروسز کی برآمدات میں چھ فیصد اضافہ دیکھا گیا ہے جس
سے گزشتہ آٹھ ماہ کے دوران 5.4 بلین ڈالر کا زرمبادلہ کمایا گیا ہے۔
آئی ٹی،
کمپیوٹر اور ٹیلی کام سروسز کی برآمدات میں پچیس فیصد اضافہ ہوا، جو 2.4 بلین ڈالر
تک پہنچ گئی۔ عالمی منڈی میں پاکستانی آئی ٹی سروسز کی مانگ بڑھتی جارہی ہے، جو
فری لانسرز اور اسٹارٹ اپس کے لیے نئے مواقع فراہم کررہی ہے۔ حکومت نے اگلے پانچ
سالوں میں آئی ٹی کی برآمدات کا ہدف پندرہ ارب ڈالر مقرر کیا ہے اور حالیہ ترقی نے
اس ہدف کو حاصل کرنے کی راہ ہموار کی ہے۔
دو روزہ
پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم کل سے اسلام آباد میں شروع ہو رہا ہے۔ وزیراعظم
شہباز شریف اور چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر سرمایہ کاری فورم میں شرکت
کریں گے اور اس موقع پر خطاب بھی کریں گے۔ اس کے علاوہ فورم میں اہم غیر ملکی
شخصیات، وفاقی وزراء، سیکرٹریز، اعلیٰ سطح کے ایگزیکٹوز اور میڈیا کی اہم شخصیات
کی شرکت متوقع ہے۔
ایرک میئر کی قیادت میں ایک اعلیٰ سطحی امریکی
وفد سرمایہ کاری فورم میں شرکت کرے گا۔ اسلام آباد میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کی
آمد شروع ہو گئی ہے۔ ایشیائی ترقیاتی بینک کی ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل کیتھرین مارش اور
چین کے ژیان جیولوجیکل سروے سینٹر کا ایک وفد پہلے ہی وفاقی دارالحکومت پہنچ چکا
ہے۔ ریکوڈک سمیت اہم معدنی منصوبوں میں سرمایہ کاری اور حکومتی پالیسیوں پر
اہم سیشن ہوں گے۔ فورم میں بین الاقوامی سرمایہ کاروں کی بھر پور شرکت سے معدنیات
کے شعبے میں ترقی کے نئے مواقع کھلیں گے۔