سندھ کابینہ نے تھر کول سے پورٹ قاسم تک ریلوے لائن بچھانے کے لیے 6 ارب 61 کروڑ روپے جاری کرنے کی منظوری دے دی۔ یہ منظوری آج وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کراچی کی زیر صدارت سندھ کابینہ کے اجلاس میں دی گئی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ صوبائی حکومت اور پاکستان ریلوے نے اس سلسلے میں مفاہمت کی یادداشت پر بھی دستخط کیے ہیں۔ صوبائی کابینہ نے سولر ہوم پراجیکٹ کا بھی جائزہ لیا جس کے تحت صوبے کے غریب گھرانوں کو دو لاکھ پچاس ہزار سولر کٹس مفت فراہم کی جائیں گی۔
انسپکٹر جنرل ایف سی بلوچستان (نارتھ) نے ڈسٹرکٹ کوہلو میں ای کامرس ٹریننگ کلاسز اور گرلز ڈگری کالج (Girls Degree College)کا دورہ کیا۔ ایف سی بلوچستان (نارتھ) کے زیر اہتمام ای کامرس ٹریننگ کلاسز بارکھان اور کوہلو میں گزشتہ ماہ کی 4 تاریخ سے جاری ہیں۔ تربیت میں ایک سو سے زائد مرد اور خواتین طلباء نے حصہ لیا، جس میں ای کامرس(e-commerce)، فری لانسنگ(freelancing)، ڈیجیٹل مارکیٹنگ(digital marketing)، ویب ڈیزائننگ(web designing) اور بزنس مینجمنٹ شامل ہیں۔ طلباء سے خطاب کرتے ہوئے آئی جی ایف سی بلوچستان (نارتھ) نے کہا کہ طلباء کسی بھی معاشرے کی ترقی کی بنیاد ہوتے ہیں اور ایک قیمتی اثاثہ ہوتے ہیں۔ جدید تعلیم اور ہنر کے ذریعے ایف سی بلوچستان (نارتھ) ایک پرامن اور خوشحال بلوچستان کی بنیاد رکھ رہی ہے۔ آئی جی ایف سی بلوچستان (نارتھ) نے گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج کوہلو کا بھی دورہ کیا، جہاں انہوں نے طلباء اور اساتذہ سے تعلیمی معیار کو بہتر بنانے کے حوالے سے بات چیت کی۔

