پاکستانی
فوج نے بھارتی ڈرون مار گرایا
پاکستان
نے اپنی فضائی حدود کی خلاف ورزی کو ناکام بناتے ہوئے لائن آف کنٹرول کے ساتھ ایک
بھارتی کواڈ کاپٹر کو کامیابی سے مار گرایا۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق دشمن نے
بھمبر کے علاقے منور سیکٹر میں کواڈ کاپٹر کے ذریعے نگرانی کی کوشش کی۔
پاک فوج نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے دشمن کی اس
مذموم کوشش کو ناکام بنا دیا۔ یہ واقعہ پاک فوج کی چوکسی، پیشہ وارانہ مہارت اور
دفاعی تیاریوں کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاک فوج دشمن کی
کسی بھی جارحیت کا فوری اور موثر جواب دینے کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔ دشمن کو ہر
محاذ پر منہ توڑ جواب دینے کے لیے پوری قوم مسلح افواج کے ساتھ کھڑی ہے۔
پاکستان
اور متحدہ عرب امارات نے دوطرفہ تعاون کو بڑھانے اور امن، استحکام اور پائیدار ترقی
کے مشترکہ مقاصد کو آگے بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔ یہ بات نائب وزیراعظم
اسحاق ڈار اور متحدہ عرب امارات کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زید
النہیان کے درمیان ٹیلی فونک گفتگو کے دوران سامنے آئی۔
اسحاق
ڈار نے متحدہ عرب امارات کے نائب وزیراعظم کو بھارت کے بے بنیاد الزامات، اشتعال
انگیز بیان بازی اور یکطرفہ اقدامات کے جواب میں قومی سلامتی کمیٹی کے فیصلوں سے
آگاہ کیا۔ متحدہ عرب امارات کے نائب وزیراعظم نے علاقائی استحکام کو برقرار رکھنے،
مذاکرات کو فروغ دینے، تحمل سے کام لینے اور تنازعات کے پرامن حل کی اہمیت پر زور
دیا۔ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان مضبوط برادرانہ تعلقات کا اعادہ کرتے
ہوئے، دونوں رہنماؤں نے بدلتی ہوئی علاقائی صورتحال کی روشنی میں قریبی رابطوں اور
مشاورت کو برقرار رکھنے کا عزم کیا۔