وزیراعظم محمد شہباز شریف
نے انسانی سمگلنگ میں ملوث ججا گینگ کے بدنام زمانہ سرغنہ کو گرفتار کرنے پر وفاقی
تحقیقاتی ادارے اور انٹیلی جنس بیورو کے اہلکاروں کو سراہا۔
اتوار کو اسلام آباد میں حکام سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں
نے انسانی سمگلروں کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کرنے کی ہدایت کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ انسانی سمگلنگ کے
گھناؤنے جرم میں ملوث افراد نہ صرف قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع کا باعث بنتے ہیں
بلکہ ملک کی عالمی ساکھ کو بھی نقصان پہنچاتے ہیں۔
انہوں نے گینگ کے خلاف آپریشن کا حصہ بننے والے
اہلکاروں کو دس لاکھ روپے نقد انعام سے نوازا۔
ججا گینگ کا سرغنہ عثمان
ججہ گزشتہ برس یونان میں ہونے والے کشتی حادثے میں پاکستانیوں کی ہلاکت کے ذمہ
داروں میں سے ایک ہے۔ایک میٹنگ میں وزیراعظم
کو ایف آئی اے اور آئی بی کی جانب سے انسانی اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے جاری
کارروائیوں کے بارے میں بریفنگ بھی دی گئی۔
صدر آصف علی زرداری اور
وزیراعظم شہباز شریف نے نوشکی دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے واقعے میں قیمتی انسانی
جانوں کے ضیاع پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ اتوار کو الگ الگ بیانات
میں انہوں نے مرحومین کے ایصال ثواب اور سوگوار خاندانوں کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔ اور انہوں نے زخمیوں کی جلد
صحت یابی کی دعا بھی کی،اور انہیں ہر ممکن
طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی۔
وزیراعظم نے کہا کہ ایسے
بزدلانہ حملے دہشت گردی کے خلاف ہمارے عزم کو متزلزل نہیں کر سکتے۔
نوشکی میں سیکیورٹی فورسز
نے کارروائی کرتے ہوئے تین دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔ نوشکی میں ایف سی کے
قافلے پر سیکیورٹی فورسز نے ابتدائی جوابی کارروائی میں تین دہشت گردوں کو ہلاک
کردیا ہے۔ سیکیورٹی
ذرائع کے مطابق ایف سی کے قافلے کو آج صبح کالعدم دہشت گرد تنظیم بی ایل اے کی
جانب سے خودکش اور بم دھماکے سے نشانہ بنایا گیا۔
خودکش دھماکے میں ایک
دہشت گرد مارا گیا۔ جبکہ خودکش
حملے میں تین ایف سی اہلکار اور دو شہری بھی شہید ہوئے۔
سکیورٹی فورسز نے علاقے
کو گھیرے میں لے کر دہشت گردوں کے فرار ہونے کے تمام راستوں کو بند کر دیا ہے۔ علاقے
میں کلیئرنس آپریشن شروع کر دیا گیا ہے جو تمام دہشت گردوں کے خاتمے تک جاری رہے
گا۔