کویت، این ڈی ایم اے آفات سے نمٹنے کے لیے تعاون کریں گے
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی
نے تمام اسٹیک ہولڈرز پر زور دیا ہے کہ وہ ملک میں سکولوں سے باہر بچوں کو تعلیم اور
ہنر فراہم کرنے کے لیے اقدامات کریں۔
بدھ کو اسلام آباد میں راولپنڈی
چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے زیر اہتمام 'ایجوکیشن ایکسی لینس ریکگنیشن' کے عنوان
سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر نے کہا کہ پاکستان میں سکول نہ جانے والے بچوں
کی تعداد تشویشناک ہے۔
سکول نہ جانے والے بچوں کے
بارے میں یونیسیف کی تازہ ترین رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حالیہ سیلاب
کے بعد سکول نہ جانے والے بچوں کی تعداد بڑھ کر 27 ملین ہو گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسکول سے
باہر بچوں کی تعداد کے مسئلے نے ایک سوالیہ نشان کھڑا کر دیا ہے اور سب کو اس کا فوری
اور آؤٹ آف باکس حل تلاش کرنا چاہیے۔
صدر نے باقی دنیا سے مطابقت
رکھنے کے لیے تبدیلیوں کی رفتار کو تیز کرتے ہوئے حقائق کے لیے ایک جامع نقطہ نظر اپنانے
پر زور دیا۔
دوسری
جانب وزیر اعظم شہباز شریف کنگ چارلس سوم کی تاجپوشی
کی تقریب میں پاکستان کی نمائندگی کے لیے لندن میں ہیں۔
وزیراعظم کی آمد پر برطانیہ
میں پاکستانی ہائی کمشنر اور برطانوی وزیر خارجہ کے نمائندہ خصوصی نے ان کا استقبال
کیا۔
وزیر اعظم دولت مشترکہ کے
رہنماؤں کے سربراہی اجلاس میں بھی شرکت کریں گے اور دیگر عالمی رہنماؤں کے ساتھ دوطرفہ
بات چیت کریں گے۔
وہ لندن میں سابق وزیراعظم
نواز شریف سے بھی ملاقات کریں گے۔
جبکہ کویت نے پاکستان میں
قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے ساتھ تعاون پر رضامندی
ظاہر کی ہے۔
یہ مفاہمت پاکستان میں کویت
کے سفیر ناصر عبدالرحمن المطیری اور چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر
ملک کے درمیان اسلام آباد میں ہونے والی ملاقات میں طے پائی۔
دونوں فریقوں نے قدرتی آفات
سے قبل کی منصوبہ بندی اور انتظام میں شراکتی سرمایہ کاری کے لیے حکمت عملی بنانے پر
اتفاق کیا تاکہ انسانی جانوں اور بنیادی ڈھانچے کے نقصان کو کم کیا جا سکے۔
چیئرمین این ڈی ایم اے نے
کویت کی حکومت اور پاکستان میں سفارتی ٹیم کا گزشتہ سال کے سیلاب کے دوران فراخدلی
سے مدد کرنے پر شکریہ ادا کیا۔