سیلاب سے متاثرہ افراد کے لئے ریلیف فنڈ قائم

وزیر اعظم شہباز شریف نے سیلاب سے متاثرہ افراد کی امداد کے لیے ریلیف فنڈ قائم کر دیا ہے۔

ایک بیان میں وزیراعظم نے عوام بالخصوص مخیر حضرات سے سیلاب سے متاثرہ لوگوں کی دل کھول کر مدد کرنے کی پر زور اپیل کی۔

غیرمعمولی بارشوں کی وجہ سے سیلاب سے ہونے والی تباہی کی طرف اشارہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں غیر معمولی تباہی ہوئی ہے جب کہ سندھ، خیبرپختونخوا اور پنجاب میں بھی بے پناہ نقصانات ہوئے ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ مشکل معاشی صورتحال کے باوجود حکومت نے سیلاب متاثرین کے لیے فوری طور پر پانچ ارب روپے جاری کیے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سیلاب سے متاثرہ بھائیوں، بہنوں اور بچوں کی 'انصارِ مدینہ' کے جذبے سے مدد کرنے کی ضرورت ہے۔

وفاقی حکومت پہلے ہی سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ایمرجنسی نافذ کر چکی ہے جبکہ صوبائی حکومتوں سے بھی کہا گیا ہے کہ وہ متاثرہ علاقوں کو آفت زدہ قرار دیں تاکہ امدادی سرگرمیوں کو مزید تیز کیا جا سکے۔


Post a Comment

0 Comments

ebay paid promotion