How to Become Successful Nowadays

How to Become Successful Nowadays

کامیابی کا راستہ --- علم نفسیات

اس دنیا میں ہر شخص یہ چاہتا ہے کہ اُس کی زندگی میں عظمت ہو وہ جرات مند ہو اور اُس کی زندگی کے شب و روز پر مسرت ہوں ۔ وہ اپنی موجودہ زندگی کے مقابلے میں ایک بہتر زندگی کا خواہش مند ہوتا ہے۔ نفسیات ایک ایسا علم ہے جو اس سلسلے میں ہماری مدد کر سکتا ہے۔
یہ مقصد چند دنوں میں حاصل نہیں ہو سکتا۔ اگر ہمیں واقعی اپنے آپ کو عظمت سے ہمکنار کرنا ہے تو ہمیں مسلسل کوشش کرنا ہوگی۔

How to become successful
میں نے یہاں یہی بتانے کی کوشش کی ہے کہ علم نفسیات کو اس مقصد کے لئے کیسے استعمال کیا جا سکتا ہے۔
شخصیت کی تعمیر کا کام نہ صرف بہت ہی دلچسپ ہے بلکہ اس سے ہمیں زندگی میں کافی فائدہ پہنچتا ہے۔ کوئی شخص آپ کی شخصیت نہیں چھین سکتا۔ آپ کی دولت ضائع ہو سکتی ہے۔ آپ دوستوں سے محروم ہو سکتے ہیں، آپ شہرت سے ہاتھ دھو سکتے ہیں، حتی کہ آپ محنت سے محروم ہو سکتے ہیں۔ کیونکہ ان تمام باتوں کا انحصار وقت اور حالات پر ہوتا ہے۔ لیکن شخصیت ایک ایسی چیز ہے جسے آپ مسلسل پروان چڑھا سکتے ہیں۔ کوئی حادثہ اس کام میں خلل نہیں ڈال سکتا۔ گویا یہ ایک ایسا خزانہ ہے جو وقت کے مدو جزر سے محفوظ ہے اور آپ اس خزانے میں مسلسل اضافہ کر سکتے ہیں۔ اور یہ کام آخری سانسوں تک جاری رہ سکتا ہے۔


اپنی شخصیت یا با الفاظ دیگر اپنی روح کو نکھارنا ایک ایسا عمل ہے جو اپنے اندر بڑی کشش رکھتا ہے۔ اور آپ کے شب و روز کو کبھی بے رنگ نہیں ہونے دیتا۔
آج سے دو ہزار سال پہلے سقراط نے یہ مشہور الفاظ کہے تھے۔ انہوں نے کہا تھا ” میں تمام لوگوں سے خواہ وہ نوجوان ہوں یا عمر رسیدہ یہ کہوں گا کہ وہ سب سے پہلے اور سب سے زیادہ اپنی روح کو سنوارنے کی کوشش کریں۔ اور بعد میں اپنی ذات اور املاک کی طرف توجہ دیں۔


تین صدیوں بعد سقراط سے بھی زیادہ عظیم شخص نے اپنے ہم عصروں سے سوال کیا ایسے آدمی کی کوششوں کا کیا فائدہ جو ساری دنیا حاصل کر لے۔ لیکن اپنے آپ کو کھو دے؟“
چنانچہ ہماری کوششوں کا یہی مقصد ہونا چاہئے کہ ہم اپنی روح کو سنواریں اور اپنی شخصیت کو عظمت سے ہمکنار کریں۔ اس راہ میں صرف نفسیات کا علم ہی ہماری مدد کر سکتا ہے۔ علم نفسیات اتنا ہی قدیم ہے جتنا کہ خود انسان۔


یہ انسانی دماغ کے مطالعے کا نام ہے۔ یہ گوشت پوست کے بنے ہوئے انسان کے اندر جھانکنے اور اُس کے افکار، تمناؤں، اعمال اور احساسات کو سمجھنے کی کوشش ہے۔
جب سے اس سیارے یعنی زمین پر انسانی زندگی کا آغاز ہوا ہے۔ انسان کسی نہ کسی حد تک نفسیات دان ضرور رہا ہے۔ حیات انسانی کے دوران کوئی ایسا دور نہیں گزرا جب انسان نے خود کو اور اپنے آس پاس بسنے والوں کو سمجھنے کی کوشش نہ کی ہو۔ علم نفسیات ہمارے بہت سے مسائل پر روشنی ڈالتا ہے اور ہمارے بہت سے مسائل حل کرنے میں معاون ثابت ہوا ہے۔ اس علم کی مدد سے انسان اپنے آپ کو اور دوسرے لوگوں کو بہتر طور پر سمجھ سکتا ہے۔
ہم یہاں آئندہ پوسٹوں میں اُن اہم انکشافات کا ذکر کریں گے جن پر عمل کر کے عام لوگ اپنی روز مرہ زندگی کو بے حد کامیاب اور مفید بنا سکتے ہیں۔