پاکستان اور بنگلہ دیش نے متعدد شعبوں میں تعاون کو مضبوط بنانے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ یہ تصدیق نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور بنگلہ دیش کے مشیر خارجہ توحید حسین کے درمیان ٹیلی فونک گفتگو کے دوران کی گئی۔ انہوں نے پاکستان بنگلہ دیش دوطرفہ تعلقات بشمول تجارتی اور اقتصادی تعاون کا جائزہ لیا۔ دونوں فریقین نے موجودہ علاقائی اور بین الاقوامی پیش رفت پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے مشترکہ مفادات کو آگے بڑھانے اور علاقائی امن اور خوشحالی کو فروغ دینے کے لیے پائیدار روابط کی اہمیت پر بھی زور دیا۔
نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے قطر کے وزیر مملکت ڈاکٹر محمد بن عبدالعزیز الخلیفی سے فون پر بات کی۔ انہوں نے دوطرفہ تعاون، باہمی دلچسپی کے اہم امور اور جاری عالمی اور علاقائی پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا۔
سبکدوش ہونے والے چینی قونصل جنرل ژاؤ شیریں نے آج لاہور میں وزیر داخلہ اور پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران محسن نقوی نے زاؤ شیریں کو بطور قونصل جنرل خدمات پر خراج تحسین پیش کیا اور ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
چینی قونصل جنرل نے محسن نقوی کی قیادت کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے پاک چین تعلقات کو بڑھانے میں قابل قدر کردار ادا کیا۔ اس موقع پر محسن نقوی نے ژاؤ شیریں کو پاکستانی کھلاڑیوں کے دستخط شدہ کرکٹ بیٹ پیش کیا جبکہ چینی قونصل جنرل نے انہیں چینی صدر شی جن پنگ کی تصنیف کردہ کتاب تحفے میں دی۔

