وزیر برائے
سمندر پار پاکستانیز اور انسانی وسائل کی ترقی چوہدری سالک حسین نے بونیر کے سیلاب
سے متاثرہ علاقوں کا تفصیلی دورہ کیا، جہاں انہوں نے ورکرز ویلفیئر فنڈ کی جانب سے
متاثرہ ورکرز میں امدادی چیک تقسیم کیے۔ 
اس موقع پر
وفاقی سیکرٹری ندیم اسلم چوہدری اور ورکرز ویلفیئر فنڈ کے سیکرٹری ذوالفقار احمد
بھی ان کے ہمراہ تھے۔ ان کی آمد پر ڈپٹی کمشنر بونیر کاشف قیوم نے وفاقی وزیر کو
سیلاب سے ہونے والی تباہی کے بارے میں جامع بریفنگ دی۔ متاثرہ کارکنوں سے بات چیت
کرتے ہوئے چوہدری سالک حسین نے اظہار یکجہتی کیا اور انہیں دکھ اور مشکل کی اس
گھڑی میں حکومت کی طرف سے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔ 
انہوں نے
ایسے مشکل وقت میں اتحاد اور باہمی تعاون کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ عوام
کی خدمت کو سیاسی وابستگیوں سے بالاتر ہونا چاہیے کیونکہ ہم سب پاکستانی ہیں اور
ہم ایک قوم ہیں۔ وزیر نے اس بات کی تصدیق کی کہ ورکرز ویلفیئر فنڈ مکمل بحالی تک
امداد فراہم کرتا رہے گا۔ بعد ازاں انہوں نے ملک آباد کے سیلاب زدہ گاؤں کا دورہ
کیا، بارش اور سیلاب سے متعلق حادثات میں جان بحق ہونے والوں کے لیے فاتحہ خوانی
کی اور ان کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ وزیر اعظم شہباز
شریف کے نمائندے کے طور پر بونیر میں متاثرہ برادریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے
آئے ہیں۔ 
چوہدری
سالک حسین نے بونیر کے ڈپٹی کمشنر کو ہدایت کی کہ وہ وفاقی سیکرٹری کو انفراسٹرکچر
کی بحالی سے متعلق مطالبات کی تفصیلی رپورٹ پیش کریں۔ مقامی معززین نے چوہدری سالک
حسین اور سیکرٹری ذوالفقار احمد کا بروقت تعاون اور متاثرہ مزدوروں کی فلاح و
بہبود کے عزم پر تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔


