لائن
آف کنٹرول پر بھارتی افواج کو بھاری نقصان پہنچایا
وزیراطلاعات
و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے دوٹوک الفاظ میں کہا ہے کہ پاکستان رات کی تاریکی میں
کی گئی بزدلانہ بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دے گا۔ آج (جمعرات) قومی اسمبلی میں
تحریک التواء پر اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قومی سلامتی کمیٹی نے مسلح
افواج کو اپنی مرضی کے وقت اور جگہ پر جواب دینے کا اختیار دیا ہے۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ ہندوستان کو اپنی اعلیٰ
ٹیکنالوجی کے رافیل طیاروں پر بڑا فخر ہے، لیکن ہماری فضائیہ اس فخر کو خاک میں
ملانے کے لیے تعریف کی مستحق ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ روایتی جنگ میں پاکستان کی
برتری کو بھی ظاہر کرتا ہے۔
عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ پاکستان نے سخت اور
نرم حملوں کے ذریعے پچیس بھارتی ڈرون بھی مار گرائے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان
نے لائن آف کنٹرول پر بھارتی افواج کو بھاری نقصان پہنچایا ہے۔ ان کے چالیس سے
پچاس فوجی بھی مارے جا چکے ہیں۔ انہوں نے
کہا کہ ملک کا دفاع مضبوط اور محفوظ ہاتھوں میں ہے اور مسلح افواج پوری طرح تیار ہیں۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ پوری قوم بھارتی جارحیت
کا منہ توڑ جواب دینے کے لیے افواج پاکستان کے ساتھ کھڑی ہے۔
شازیہ مری نے کہا کہ بھارتی جارحیت کے نتیجے میں
پاکستان میں شہری جانوں کا ضیاع ہوا۔ انہوں نے ان خاندانوں سے دلی تعزیت کا اظہار
کیا جنہوں نے بزدلانہ حملے میں اپنے عزیزوں کو کھو دیا۔ انہوں نے بھارت کے غیر
قانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر میں مودی سرکار کے مظالم کی مذمت کی۔ طاہر
اقبال نے بھارت میں اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں، سکھوں اور عیسائیوں پر ہونے والے
ظلم و ستم پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ مودی ہندوتوا کے نظریے کی پیروی کر رہے
ہیں۔