What is CAPTCHA
اکثر ہم دیکھتے ہیں کہ جب
کوئی نیا ای میل اکاؤنٹ بنانا ہو یا کسی فورم پر رجسٹریشن کروانی ہو، اس وقت ایک
چھوٹی سی تصویر دکھائی جاتی ہے جس میں کچھ ٹیڑھے حروف یا
اعداد لکھے ہوتے ہیں۔ جنھیں ساتھ ہی دیئے ہوئے باکس میں ٹائپ کرنا ہوتا ہے۔ اس کی ضرورت کیوں ہوتی ہے؟
اگر ضروری ہے تو پھر لفظ
سیدھے سیدھے کیوں نہیں لکھ دیئے جاتے ؟
CAPTCHA کہلانے والی اس تصویر کا مقصد بوٹس (Bots) کو خود کار رجسٹریشن سے
روکنا ہے۔ بوٹس ایک خاص طرح کے پروگرام ہوتے ہیں جو مختلف فورمز کو مفت اکاؤنٹس
فراہم کرنے والی ویب سائٹس پر خود کار طریقے سے سارا
فارم بھر کر رجسٹریشن کروا سکتے ہیں۔ یہ بوٹس بڑی تعداد
میں اکاؤنٹ بنا کر کسی ویب سائٹ کو نقصان پہنچا سکتے ہیں۔ چونکہ بوٹس بھی ایک کمپیوٹر
پروگرام ہوتا ہے اس لئے تصویر پر کیا لکھا ہے، یہ پڑھنا اس کے لئے بے حد مشکل ہوتا
ہے۔ ایک انسان اس تصویر کو دیکھ کر اندازہ کر سکتا ہے کہ اس میں کیا لکھا ہے لیکن
ایک بوٹ کے لئے یہ کام بہت ہی مشکل ہے۔
طاقتور کمپیوٹر لینگویجز
کی آمد کے بعد یہ بوٹس اب اتنے ذہین کر لئے گئے ہیں کہ یہ سادہ اور سیدھے سیدھے
لکھے ہوئے حروف کو OCR
( آپٹیکل کریکٹر رینیشن) کی مدد سے پڑھ لیتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ اس تصویر میں حروف
کو اس طرح لکھا جاتا ہے کہ انہیں پڑھنا اوسی آر کے بس کی بھی بات نہ رہے۔ اس تصویر
کو مزید محفوظ بنانے کے لئے اس کے حروف کے پیچھے کوئی پکچر بھی لگا دیا جاتا ہے۔
صرف ایک انسان ہی ایسی تصویر پر لکھے حروف کو سمجھ سکتا ہے۔